میانمار حکومت نے روہنگیاؤں کا اعتماد حاصل نہیں کیا : شیخ حسینہ

   

Ferty9 Clinic

ڈھاکہ ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ نے روہنگیاؤں کو دوبارہ میانمار بھیجنے کی کوشش ناکام ہونے کیلئے میانمار کو ہی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ میانمار نے روہنگیاؤں کا اعتماد حاصل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ یاد رہیکہ شیخ حسینہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب تین ہفتہ قبل روہنگیاؤں کی ایک محدود تعداد کو میانمار واپس بھیجنے کی تیاریاں ہوچکی تھیں لیکن جن بسوں کو تیار کیا گیا تھا وہ روہنگیاؤں کا بس انتظار ہی کرتی رہ گئیں اور کوئی بھی روہنگیا بسوں میں سوار ہی نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سے یہ معلوم ہوتا ہیکہ میانمار کی حکومت نے روہنگیاؤں کا اعتماد حاصل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ ورنہ دنیا کا کونسا ایسا آدمی ہے جسے اپنے وطن واپس جانے کی خوشی نہیں ہوتی؟! تاہم روہنگیا آج بھی راکھین اسٹیٹ جانے سے خوفزدہ ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ بدھسٹوں اور خود ملک کی فوج سے ان کے جان و مال کو خطرہ لاحق ہے۔ شیخ حسینہ کا یہ بیان اس بات کی غمازی بھی کرتا ہیکہ بنگلہ دیش جیسے غریب ملک میں لاکھوں روہنگیاؤں کا پناہ لینا خود حکومت کیلئے کتنا تکلیف دہ بنتا جارہا ہے اور وہ اس بحران کا جلد سے جلد حل نکالنا چاہتی ہیں۔