نیپیداؤ : میانمار کی جنوب مشرقی سرحد پر فوج کی فضائی کارروائیوں کے بعد ہزاروں افراد ہمسایہ ملک تھائی لینڈ فرار ہورہے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق نقل مکانی کرنے والے افراد کا تعلق کیرن برادری سے ہے، جو میانمار کا ایک علاحدگی پسند نسلی گروہ ہے۔ امدادی تنظیم فری برما رینجرز کے مطابق میانمار کی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب اس علاقے پر فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں کئی افراد مارے گئے۔ اس کے بعد شروع ہونے والی نقل مکانی میں 3ہزار سے زائد شہری دونوں ممالک کے درمیان دریا عبور کر کے تھائی لینڈ میں داخل ہوگئے، تاہم تھائی لینڈ نے مزید لوگوں کا داخلہ روکنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ میانمار کی فوج نے یہ کارروائی ملک میں آمریت کے خلاف 2 ماہ سے جاری عوامی تحریک اور پْرتشدد احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیے کی ہے۔ سرکاری ٹیلی وڑن پر اتوار کی شب دعویٰ کیا گیا کہ ایک جنگجو گروہ نے جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوجی چوکی پر حملہ کیا ہے۔