میانمار میں شہریوں کو زندہ جلانے پر یورپ کی تشویش

   

بروسلز : یورپین خارجہ و سیکیورٹی امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے میانمار حکومت کی جانب سے عام شہریوں پر حملوں اور اِنہیں زندہ جلانے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے مطابق انہوں نے خاص طور پر 24 دسمبر کے خوفناک واقعہ کا حوالہ دیا جس میں خواتین اور بچوں کے ساتھ انسانی ہمدردی کے کارکنوں سمیت 35 سے زائد افراد کو ہلاک اور زندہ جلا دیا گیا اور اس تشدد کے نتیجے میں ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے۔اُنہوں نے کہا کہ شہریوں اور انسان دوست کارکنوں کو نشانہ بنانا، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اُنہوں نے مزید آگاہ کیا کہ یکم فروری کو فوجی بغاوت کے بعد سے یورپین یونین نے میانمار کی فوج، اس کے رہنماؤں اور اداروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔