میانمار میں فوجی کارروائی کیخلاف سلامتی کونسل کی مذمتی قرارداد منظور

   

نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے میانمار میں ’’مسلسل بگڑتی صورت حال‘‘ پر ’’انتہائی تشویش‘‘ کا اظہار کیا ہے۔ چین نے تاہم مذمتی قرارداد میں سخت الفاظ استعمال کرنے سے روک دیا۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد سے مظاہرین کے خلاف تشدد کے استعمال اور فوجی کارروائیوں میں سینکڑوں عام شہریوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کی۔برطانیہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد پر دو دنوں تک چلنے والی بحث کے بعد جمعرات کو سلامتی کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے،’’سلامتی کونسل کے اراکین میانمار میں مسلسل بگڑتی صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہیں اور پرامن مظاہرین کے خلاف تشدد کے استعمال نیز بچوں اور خواتین سمیت سینکڑوں شہریوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔‘‘سلامتی کونسل کی طرف سے جاری حتمی بیان میں قرارداد کے اصل مسودے کے برخلاف نرم لہجے کا استعمال کیا گیا ہے۔ اصل مسودے میں ’’اراکین مزید اقدامات پر غور کرنے کے لیے تیارہیں‘‘ کے الفاظ تھے جس سے میانمار کے خلاف بین الاقوامی پابندیا ں عائد کرنے کا امکان موجود تھا۔ تاہم دو دنو ں تک چلنے والی گرما گرم بحث کے بعد چین نے سخت الفاظ استعمال کرنے سے روک دیا۔