یپیداؤ: میانمار کی باغی فوجی نے مظاہرین کو کچلنے کے لیے اپنے حامیوں کو میدان میں اتاردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق بغاوت کرکے حکومت کا تختہ الٹنے والی فوج کے کٹھ پتلی شہریوں نے مظاہرین پر حملے کرکے انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران مختلف مقامات پر فوج کے حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں ہوئیں،جن میں فوجی غنڈے لوہے کے ڈنڈے اور چاقو لے کر احتجاج کرنے والے شہریوں پر پل پڑے۔ ینگون میں آمریت کے حامیوں کی جانب سے دھاووں کے دوران پولیس اہل کار خاموش تماشائی بنے رہے اور مسلح بلوائیوں کو روکنے کی کوشش بھی نہیں کی۔ اس دوران مسلح افراد نے ہاتھوں میں بینر بھی اٹھارکھے، جن پر فوج سے اظہار یکجہتی اور عوامی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ جمعرات کے روز پولیس نے ینگون میں گلیوں اور سڑکوں پر موجود مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی بھی کی تھی۔
