میانمار کی راکھین ریاست میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ دوسرے سال میں داخل

   

یانگون ۔میانمار میں تنازعے کی حامل ریاست راکھین میں انٹرنیٹ پر پابندی دوسرے سال میں داخل ہو گئی ہے۔ یہ دنیا کے کسی بھی دوسرے خطے کے اعتبار سے انٹرنیٹ پر طویل ترین پابندی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ راکھین میں انٹرنیٹ پر عائد پابندی ختم کی جائے۔ واضح رہے کہ جنوری 2019 میں علیحدگی پسندوں کے خلاف عسکری آپریشن کے تناظر میں اس ریاست میں انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی تھی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے مطابق کورونا وائرس کی متعدی وبا کے دور میں عام شہریوں کو معلومات کی فراہمی نہایت ضروری ہے اور انٹرنیٹ کی بندش کی وجہ سے عام شہری شدید نوعیت کے مسائل کا شکار ہیں۔