میانمار کے صدر کی امن کیلئے تعاون کی اپیل

   

یانگون، یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) میانمار کے صدر یو ون منٹ نے منگل کو ملک کے عوام سے امن، جمہوریت کے قیام اور ترقی کے لیے حکومت کی کوششوں میں زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ مسٹر منٹ نے نئے سال کے موقع پر اعتماد ظاہر کیا کہ میانمار سچائی اور انصاف کی راہ پر چلتے ہوئے درپیش تمام مشکلات کو دور کرنے کا اہل ہوگا۔ عوام کو اطلاع دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی مفاد میں پورے جوش وجذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے ، صدر نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ نئے سال اور آنے والے سالوں میں سیاسی ، معاشی اور سماجی شعبوں میں کئی بہتر مواقع آئیں گے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں حکومت ملک میں امن اور ترقی قائم رکھنے کے لیے ایمانداری سے کوشش کرے گی تاکہ عوام میں خوشی کا ماحول قائم ہو سکے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگ مکمل جوش و جذبے کے ساتھ حکومت کی وفاقی جمہوریت کے سفر میں شریک ہوں گے ۔ انہوں نے راکھین اسٹیٹ اور روہنگیاؤں کا سرے سے کوئی تذکرہ ہی نہیں کیا۔