میاں پور اراضی اسکام پر ہائیکورٹ میں حکومت کو جھٹکا

   

Ferty9 Clinic

اراضی سیل ڈیڈکی منسوخی پر حکم التواء، سپریم کورٹ میں فیصلہ تک جوں کا توں موقف کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 16۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کرنے والے میاں پور اراضی اسکام کے سلسلہ میں ہائی کورٹ نے حکومت کو جھٹکا دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اراضیات کی سیل ڈیڈ کو منسوخ کرنے سے متعلق فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے جوں کا توں موقف برقرار رکھنے عبوری احکامات جاری کئے جائیں۔ حیدرآباد ہائی کورٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں جاری اس معاملہ کی یکسوئی تک حکم التواء برقرار رہے گا ۔ عدالت نے میاں پور اراضی کا موقف جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کے لئے عبوری احکامات جاری کئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ میں معاملہ کی یکسوئی تک حکومت کی جانب سے اراضی کی خریدی یا خانگی افراد کو فروخت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عدالت نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ عدالت کی کوئی ہمدردی نہیں رہے گی۔ واضح رہے کہ میاں پور اراضی اسکام میں کئی اہم شخصیتوں کے نام آئے ہیں۔ حکومت نے ابتداء میں اسکام کی تحقیقات کا حکم دیا تھا ، بعد میں یہ معاملہ عدالت تک پہنچ گیا ۔ حکومت میں شامل افراد یا ان کے قریبی رشتہ داروں کے نام بھی اس اسکام میں منظر عام پر آئے ہیں۔ اراضی کی فروخت کی معاملتوں کو منسوخ کئے جانے پر ہائی کورٹ کا حکم التواء اس اسکام کی تحقیقات کو نیا رخ دے سکتا ہے۔