میاں پور میں سرکٹی نعش برآمد ، سر بھی دریافت

   

حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) میاں پور کے علاقہ میں پولیس نے سرکٹی نعش کو برآمد کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے تحقیقات کے بعد سر کو بھی برآمد کرلیا جو بلارم علاقہ میں پایا گیا۔ پولیس نے اس سرکٹی نعش کی شناخت کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 سالہ شخص پروین کا قتل کرنے کے بعد اس کے جسم سے سر کو الگ کردیا گیا اور سرکٹی نعش کو میاں پور کے علاقہ میں پھینک دیا گیا اور سر کو بلارم میں پھینک دیا گیا۔ پولیس میاں پور نے پروین کے دو ساتھیوں پر پروین کے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کل رات پروین کمار اور اس کے ساتھی سرینواس اور سریکانت نے دھرمادی شیترم میں مہ نوشی کی اور اسی دوران ان میں رقمی معاملہ پر بحث و تکرار ہوئی۔ پولیس سمجھتی ہے کہ دونوں نے پروین کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کے دو ٹکڑے کئے اور سر دھڑ سے الگ کرتے ہوئے میاں پور میں دھڑ اور بلارم میں سر کو پھینک دیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔