میاں پور کے ایک مکان میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی خودکشی

   

حیدرآباد 21 اگست (سیاست نیوز) میاں پور پولیس اسٹیشن حدود میں جمعرات کی صبح ایک گھر میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی مشتبہ حالت میں نعشیں پائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کرناٹک کے سیڑم علاقہ سے تعلق رکھنے والے مزدور 60 سالہ نرسمہا، اس کی بیوی 55 سالہ وینکٹماں، 32 سالہ انیل، 24 سالہ کویتا اور 2 سالہ اپو کی نعشیں میاں پور کے ایک مکان میں پائی گئیں۔ مقامی لوگوں کی شکایت پر میاں پور پولیس نے مقام کا معائنہ کیا اور نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ منتقل کرتے ہوئے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس خاندان نے خودکشی کرلی۔ خودکشی کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ نرسمہا اور اس کا خاندان روزگار کے لئے کرناٹک سے میاں پور منتقل ہوا تھا۔ مقامی افراد کے مطابق معاشی پریشانیوں سے تنگ آکر اِن افراد نے خودکشی کرلی۔ (ش)