میتوں کے کورونا ٹسٹ پر سپریم کورٹ کا حکم التوا

   

تلنگانہ حکومت کو راحت، دو ہفتوں بعد دوبارہ سماعت
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) سپریم کورٹ میں آج تلنگانہ حکومت کو اس وقت راحت ملی جب میتوں کے کورونا ٹسٹ کو لازمی قرار دینے سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے پر حکم التوا جاری کیا گیا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاست میں مختلف ا مراض سے فوت ہونے والے تمام میتوں کا کورونا ٹسٹ کرنے کی حکومت کو ہدایت دی تھی۔ ہائی کورٹ کے احکامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ تلنگانہ حکومت نے استدلال پیش کیا کہ ریاست میں فوت ہونے والے تمام میتوں کا کورونا ٹسٹ ممکن نہیں ہے۔ حکومت نے بتایا کہ مرکزی وزارت صحت اور انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی گائیڈ لائینس کے مطابق حکومت کورونا ٹسٹ انجام دے رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے تلنگانہ حکومت کے موقف کو قبول کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کی ہے۔ جسٹس اشوک بھوشن کی قیادت ڈیویژن بنچ نے ہائی کورٹ کے احکامات پر حکم التوا جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں بعد آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ تلنگانہ حکومت کا استدلال ہے کہ ریاست میں روزانہ تقریباً ایک ہزار افراد مختلف امراض یا طبعی طور پر فوت ہوتے ہیں۔ ہر کسی کی میت کا کورونا ٹسٹ کروانا حکومت کے لیے ممکن نہیں۔ ریاست میں کورونا کے کیسس میں اضافے کے پس منظر میں ہائی کورٹ نے تمام میتوں کے ٹسٹ کی ہدایت دی تھی جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔