میدان میں گڑبڑ کرنے والوں کی گرفتاری کی کوشش شروع

   

لندن ۔6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ کی پولیس نے ورلڈ کپ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹمیوں کے درمیان میچ میں تشدد اوربدمزگی کرنے والے 8 افراد کی تصاویر جاری کرتے ہوئے عوام سے ان کو ڈھونڈنے میں مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔29 جون کو ہیڈنگلے میں پاکستان اورافغانستان کے درمیان میچ سے قبل اسٹیڈیم کے باہر اور پھر میچ کے دوران اسٹیڈیم میں افغان تماشائیوں نے پاکستانی شائقین کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس کے بموجب یہ افراد باقاعدہ منظم گروہ کی شکل میں موجود تھے اور اس سلسلے میں 3 گرفتاریاں عمل میں آئی تھیں۔پولیس نے کہا کہ سی سی ٹی وی اور سوشل میڈیا فوٹیج کے ذریعے انہیں بدنظمی اور پرتشدد سے متعلق 4 واقعات کے حوالے سے علم ہوا تھا اور ان کی مدد سے مشتبہ افراد کو ڈھونڈنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سوشل میڈیا پر زیرگردش ویڈیوز میں تماشائیوں کے ایک گروہ کو مرکزی سڑک اور اسٹیڈیم کے درمیان واقع دروازے کو توڑنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا جبکہ کچھ افراد نے میدان کی آہنی باڑکو پھلانگتے کی بھی کوشش کی تھی۔ اس سلسلے میں گرفتار کیے گئے دو افراد کو بغیر فرد جرم عائد کیے چھوڑ دیاگیا تھا جبکہ تیسرا فرد اس وقت ضمانت پر رہا ہے۔ ویسٹ یارکشائر پولیس نے کہا کہ29 جون کوکھیلے گئے میچ میں میدان میں گڑبڑ پر انہیں دوپہر میں طلب کیا گیا تھا۔ اس سے قبل میچ کے دوران اس طرح کے پرتشدد واقعات کی مثال نہیں ملتی اورپرامن ماحول میں میچ دیکھنے کے لیے آنے والے امن پسند شہریوں کا اس صورتحال پر تشویش کا اظہار جائز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے رویے کی اجازت نہیں دے سکتے اور واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اس طرح کی چیزوں کو بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈیٹیکٹیو سپرنٹنڈنٹ جیز خان نے کہاکہ اگر کسی کو بھی ان 8 افراد کے بارے میں کوئی اطلاع ہو تو وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس حوالے سے فوری اطلاع فراہم کریں۔ ہم اس تصویر میں موجود لوگوں کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ ہمارے پاس آ کر اس واقعے کے بارے میں بات کریں قبل اس کے کہ ہم انہیں گرفتار کر لیں۔