میدک : جرائم وحادثات میں 14فیصد اضافہ

   

ضلع ایس پی اودے کمار ریڈی کی رپورٹ ‘سائبر کرائم سے ہوشیاررہنے کی خواہش

میدک ۔27دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس میدک مسٹرڈی اودئے کمار ریڈی نے دفتر ایس پی کے میٹنگ ہال میںا پنے ماتحتین ضلع ایڈیشنل ایس پی مسٹرپی مہیندراورڈی ایس پی میدک ایس پرسنا کمار کے ساتھ ضلع میدک کی سال2024ء کی کرائم رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال2023ء کی بہ نسبت سال2024ء کے دوران14فیصدکرائم کا اضافہ ہوا ۔انہوںنے بتایا کہ سال2023ء کے دوران ضلع میں4187مقدمات کااندراج ہوا جبکہ سال2024ء کے دران تاحال4871مقدمات درج ہوئے ۔ اسی طرح اہم واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوںنے بتایاکہ سال2023ء کے دوران26قتل کی وارداتیں اورسال2024ء کے دوران28قتل کی وارداتیں پیش آئیں۔جبکہ2023ء میں اغوا کی 37اور2024ء میں 48وارداتیں پیش آئیں۔ انہوںنے کہا کہ خواتین کے ساتھ پیش آنے والی وارداتیں 34رہیں جبکہ2024میںا ن وارداتوں میں اضافہ ہوا ۔2023ء میں331اور2024ء میں 365واقعات پیش آئے ۔انہوںنے کہا کہ ضلع میںامسال شی ٹیم کی کارکردگی میںکچھ حد تک بہتری آئی ۔ انہوںنے کہاکہ سال2023ء کی بہ نسبت سال 2024ء میں سائبرجرائم کی روک تھام میںپولیس کوکامیابی نصیب ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ سال2023ء کے دوران323 اورسال 2024ء کے دوران 302جانی نقصانات پیش آئے ۔انہوںنے کہا کہ امسال پولیس کی جانب سے کیوآرٹی کابھی قیام عمل میںلایاگیاجومکمل 24گھنٹے عوام کی خدمات کیلئے متحرک رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ امسال ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس سے متعلق سال2023ء کے دوران4740اورسال2024ء کے دوران6563واقعات رونما ہوئے ۔ ضلع ایس پی میدک نے عوام خاص کرتاجروں‘کسانوںکو سائبر کرائم سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ۔ انہوںنے کہا کہ سال2023ء میں123مقدمات درج ہوئے اور سائبر کرائم مجرموں نے 2کروڑ14لاکھ15ہزار612روپئے عوام سے لوٹے ۔ جبکہ امسال130کروڑروپیوںکی لوٹ ہوئی ۔ انہوںنے فیک کالس حاصل ہونے پر190پرکال کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع ایس پی اودئے کمارنے بتایا کہ زیادہ ترح ادثات نوجوانوںکی جانب سے تیزرفتار بائیک چلانے سے پیش آئے ۔ انہوںنے کہا کہ سال2023ء کے دوران50062حادثات پیش آئے اور 323افراد ہلاک ہوئے ‘480زخمی ہوئے جبکہ سال2024ء کے دوران528568حادثات پیش آئے ۔32ہلاک اور4509زخمی ہوئے ۔ انہوںنے کہا کہ ضلع میں4قومی شاہراہوں کاگزرہوتا ہے ۔ حادثات کی روک تھام کے لیے ایک منصوبہ بندی کے ساتھ امسال نمٹا جائے گا۔ آخر میں انہوںنے کہا کہ سائبرکرائم کے واقعات پر روک لگانے ایک اسپیشل ڈی ایس پی کاتعین کیا جائے گا۔