ساوتھ سنٹرل ریلوے بورڈ کا اجلاس، رکن اسمبلی پدمادیویندر ریڈی کا خطاب
میدک ۔ 18 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ساوتھ سنٹرل ریلوے بورڈ ڈی آر یو سی سی کا ایک اجلاس کا سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر انعقاد عمل میں آیا۔ رکن اسمبلی میدک ایم پدما دیویندر ریڈی نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے میدک ۔ چیگنٹہ ریلوے ٹریک پر فلائی اوور برج کے کاموں کو عاجلانہ آغاز کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ اس برج کی تعمیر کے لئے ٹنڈرس کی طلبی کے کاموں کو قطعیت دیدی گئی ہے تو پھر کاموں کا آغاز کیوں نہیں ہوا۔ اسی طرح پدما ریڈی نے میدک اسٹیشن سے وینکٹادری سوپر فاسٹ ٹرین اور میدک سے تروپتی کو ٹرین کے آغاز پر زور دیا۔ ریلوے عہدیداروں نے اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عنقریب تمام کاموں کا آغاز کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے اکناپیٹ اور مرزا پلی ریلوے اسٹیشن پراجنٹہ ایکسپریس اور رائلسیما ایکسپریس ہالٹ توقف کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے مرز اپلی ریلوے اسٹیشن کے فٹ اوور برج کی مرمت کرنے اور میدک ریلوے اسٹیشن پر اسٹالس کے قیام کے لئے ٹنڈرس طلب کرنے پر زور دیا۔ اسی طرح انہوں نے لکشما پور ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ کاؤنٹر اور لائیٹوں کی تنصیب کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے سنکھاپور ریلوے اسٹیشن کی بحالی اور ریلوے پلیٹ فارم کی مرمت کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس اجلاس میں ریلوے بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ افکو ڈائرکٹر ایم دیویندر ریڈی نے بھی شرکت کی۔