میدک ۔ 22 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس شہدا کی یاد میں محکمہ پولیس کی جانب سے منعقدہ ہفتہ طویل خراج عقیدت پروگرام کے آغاز کے موقع پر ضلع ایس پی میدک ڈی اودے کمار نے پولیس اہلکاروں اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ خود بھی اپنا خون دیتے ہوئے خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر جملہ 103 یونٹ خون کا عطیہ دیا گیا۔ ضلع ایس پی نے شہدائے پولیس کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ اس پروگرام میں انتہا پسندوں کی کارروائیوں کا شکار ہونے والے شہید پولیس ملازمین کے اہل خانہ کو ضلع ایس پی نے تہنیت پیش کی۔ قبل ازیں بلڈ ڈونیشن کیمپ ضلع کلکٹر میدک راہول راج نے پولیس گراؤنڈ پہنچ کر ضلع ایس پی اودے کمار ریڈی کے ہمراہ شہیدان پولیس مارگ پر حاضر ہوتے ہوئے شہدائے پولیس کو گلہائے عقیدت پیش کیا اور اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے غم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اہلکار پولیس نے ضلع کلکٹر کو پریڈ کی سلامی دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی مہیندر، ڈی ایس پی میدک پرسنا کمار، توپران ڈی ایس پی وینکٹ ریڈی، سائبر کرائم ڈی ایس پی سبھاش چندر بوس، آرمڈ فورس ڈی ایس پی رنگا نائب، آر آئی شلیندر کے علاوہ ضلع سے تعلق رکھنے والے سرکل انسپکٹرس، سب انسپکٹرس اور اہلکاران پولیس کی بڑی تعداد موجود تھی۔