مالی سال 2026-27 کیلئے 104 کروڑ 94 لاکھ کی منظوری
میدک۔ 31 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک میونسپلٹی کے لیے 2027-26 مالی سال کا تخمینی بجٹ 104 کروڑ 94 لاکھ 74 ہزار روپے منظور کرلیا گیا۔ یہ بجٹ اجلاس چیئرپرسن کانوگو رادھیکا بھوپتی راج کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں عام میونسپل اجلاس بھی شامل تھا۔ بجٹ میں اخراجات 100 کروڑ 4 لاکھ 73 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں تقریباً 88.24 کروڑ روپے زائد فنڈس حاصل ہونے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔ مختلف گرانٹس کے تحت یو آئی ڈی ایف سے 18.70 کروڑ، ٹی یو ایف اے ڈی سی سے 37.50 کروڑ، ایل ڈی ایف کے تحت 29.10 کروڑ، ایس ایف سی کے ذریعہ 2.16 کروڑ، 15ویں مالیاتی کمیشن کے تحت ایک کروڑ، ایم ایل سی و ایم ایل اے گرانٹس سے 84 لاکھ اور ایس آر ایف کے ذریعہ 20 لاکھ روپے موصول ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ بجٹ میں شہری ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری، صفائی نظام اور پینے کے پانی کی فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران کونسلرس نے اپنے اپنے وارڈس میں درپیش مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے سڑکوں کی خستہ حالی، ڈرینج نظام کی خرابیاں، پینے کے پانی کی قلت اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب جیسے امور پر توجہ دلائی۔ اس موقع پر کونسلرس بٹّی اود کمار، مامیلا آنجنیلو، زبیر احمد، شروتی،خواجہ سہیل محی الدین۔ لکشمی سوراگنی، کوٹال للیتا اور شمس النساء بیگم نے اظہار خیال کیا۔ چیئرپرسن رادھیکا نے کونسلرس کی تجاویز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون سے ہی شہر کی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہے۔ اجلاس میں وائس چیئرمین دونتی نریش گوڑ، کمشنر سرینواس ریڈی۔ڈی ایک مہیش۔ بلڈنگ انسپکٹرس بھوپت۔پربھاکر۔کونسلرس۔انیس فاطمہ۔منصور عامر، غوث قریشی، دیپک اور دیگر میونسپل کونسلرس بھی شریک تھے۔