میدک 23/ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ )میدک کے سرکاری میڈیکل کالج میں آج پرنسپل ڈاکٹر رویندر کمار کی نگرانی میں صحت سے متعلق شعور بیداری اجلاس کا آغاز عمل میں آیا۔ اس موقع پر سرکاری اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنیتا دیوی اور ڈاکٹر شیو دیال مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ اس اجلاس کا اہتمام فزیالوجی شعبہ کے تحت ڈاکٹر شانتا کماری اور اسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سمن نے کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ روزمرہ کی زندگی میں صبح بیدار ہونے سے رات کے آرام تک کس طرح کی صحت بخش غذاؤں کا استعمال کرنا چاہئے، ذہنی دباؤ کی صورت میں خود کو کس طرح سنبھالنا اور نجات حاصل کرنا ممکن ہے، نیز صبح اٹھنے کے بعد برش کرنے کا صحیح طریقہ، چہل قدمی، یوگا، پرانایام، عبادت (نماز) اور سوریا نمسکار جیسے اہم پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ایم بی بی ایس، بی ایس سی نرسنگ، ڈی ایم ایل ٹی اور ڈی اے این ایس طلبہ نے مذکورہ موضوعات پر تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ کسی کو اچانک دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں سی پی آر (CPR) کے ذریعے کس طرح فوری طبی امداد دی جا سکتی ہے، اس کی عملی تربیت بھی دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ جب عضلات کمزور پڑنے لگیں تو ان کی مضبوطی کے لئے باقاعدہ ورزش نہایت ضروری ہے۔ اس پروگرام کی نگرانی وائس پرنسپل ڈاکٹر جیا نے کی، جبکہ تدریسی عملہ، میونسپل سینیٹیشن انسپکٹر ملیکارجن اور دیگر افراد نے بھی اس میں شرکت کی۔