میدک میں’ آنکھوں کی روشنی ‘ پروگرام کامیاب کے ساتھ جاری

   

میدک۔/24مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر میدک مسٹر راجرشی شاہ نے کہا کہ ضلع میدک میں’ آنکھوں کی روشنی ‘ پروگرام ( کنٹی ویلگو ) 44 دن سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ محکمہ صحت کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے تال میل سے جاری پروگرام اپنے مقرر کردہ نشانہ کو بھی عبور کررہا ہے جس پر انہوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ ضلع کلکٹر نے ضلع میدک کے منڈل کلچرم پر جاری کنٹی ویلگو مرکز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے تنقیح کی۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ضلع میں 250435 افراد کی آنکھوں کی تشخیص کی گئی جن میں 1,18,655 خواتین اور 1,31,780 مرد شامل ہیں۔ تاحال 26,443 عینکوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ اسی طرح 25,106 عینکوں کی تقسیم باقی ہے۔ کلکٹر راجرشی شاہ نے بتایا کہ اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے 41 ٹیموں کی تشکیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سادہ ریڈنگ گلاسیس تشخیص کے ساتھ ہی دیئے جارہے ہیں ، دور کی نظر کے گلاسیس بعد ازاں اندرون ایک ہفتہ دیئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر سائی بابا، ڈاکٹر کرن منڈل پریشد آفیسر کلچرم گنیش ریڈی کے علاوہ ضلع پریشد رکن ، ارکان ایم پی ٹی سیز اور سرپنچ بھی موجود تھے۔