میدک۔/20ڈسمبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ضلع کے نرسا پور میں کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام پی سی جنرل سکریٹری ریاستی کانگریس کمیٹی و انچارج حلقہ اسمبلی نرسا پور راجی ریڈی اور صدر ضلع کانگریس مسٹر انجینلو گوڑ کی قیادت میں ملک کے وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ کا علامتی پتلہ نذرآتش کیا گیا۔ واضح رہے کہ مسٹر امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں ہندوستانی قانون کے مجاہد آنجہانی ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے خلاف ریمارکس کئے تھے۔ امیت شاہ کے دیئے گئے بیان پر کانگریس پارٹی نرسا پور نے احتجاجی طور پر امیت شاہ کا علامتی ارتھی جلوس نکال کر نذر آتش کیا۔ مستقر کے چلڈرنس پارک تا بس اسٹیشن ارتھی جلوس نکالا گیا۔بعد ازاں پروگرام راجی ریڈی نے نرسا پور کے گاؤں اچم پیٹ کے پی راجو کو چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے جاری کردہ 47,500 روپئے کا ایک چیک جاری کیا۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔