میدک میں بارش ،عہدیداران باہمی تعاون سے کام کریں

   

میدک۔28 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع میدک میں مسلسل جاری شدید بارشوں کے سبب تمام محکمہ جاتی عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے ضلع کلکٹر راہول راج نے کہا کہ عوام کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو اس کے لئے تمام محکمے باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں۔ کلکٹر نے واضع کیا کہ عہدیدار اپنے ہیڈکوارٹر میں موجود رہتے ہوئے حالات پر کڑی نظر رکھیں اور ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو دنوں تک ضلع بھر میں شدید تا نہایت شدید بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں، 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ ہنگامی حالات میں عوام ضلع کلکٹریٹ میں قائم کنٹرول روم کے نمبر 9391942254 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔