اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی ٹکٹ کیلئے تین اہم قائدین میں رسہ کشی، ڈاکٹر روہت کی زبردست ریالی
میدک۔ 2 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسمبلی انتخابات سے قبل ہی میدک اسمبلی حلقہ کی موجودہ رکن اسمبلی سابق ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی کے علاوہ ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر کے پولیٹیکل سکریٹری ایم ایل سی میدک ایس سبھاش ریڈی دونوں آنے والے اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ایک تیسرے امیدوار ماننم پلی روہت نمودار ہوگئے ہیں۔ روہت جو میدک کے سابق رکن اسمبلی مائنم پلی ہنمنت راؤ موجودہ (ایم ایل اے ملکاجگیری) کے فرزند ہیں آج میدک ٹاؤن کے اسٹیڈیم ایکس وے سے 2 ہزار گاڑیوں پر مشتعمل ایک بھاری ریالی نکالتے ہوئے میدک میں ہلچل مچادی۔ اس ریالی کے دوران میدک سے براہ چنا شنکرم پیٹ، کی نوجوان بی آر ایس میں شامل ہوکر مائنم پلی گروپ کی تائید کا اعلان کردیا۔ واضح رہے کہ مائنم پلی ہنمنت راؤ کو کے سی آر کے فرزند ریاستی وزیر کے تارک راما راؤ کی پشت پناہی حاصل ہے۔ ہنمنت راؤ نے اعلان کردیا کہ اس بار ان کے فرزند ڈاکٹر روہت کو ٹکٹ ملنے کے پورے امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مکمل طور پر کے ٹی آر پر اعتماد ہے ان کے فرزند کو بی آر ایس کا پارٹی ٹکٹ مل جائے گا۔ مقامی طور پر اس ریالی میں میدک بلدیہ کے سابق کونسلر اے وینکٹ رمنا اور موجودہ بلدی کونسلر کرشنا کے حقیقی بھائی سنتوش کے علاوہ ٹاؤن بی آر ایس اقلیتی سل کے صدر محمد مجیب الدین ریالی میں شامل تھے۔ روہت کے میدان میں آجانے کے بعد میدک اسمبلی ٹکٹ کی دوڑ میں شامل تین امیدوار ہوچکے ہیں۔ یعنی یوں کہا جاسکتا ہے کہ حلقہ اسمبلی میدک بی آر ایس میں تین گروپ ہوچکے ہیں۔ موجودہ رکن اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی کو ریاستی وزیر خزانہ و صحت ٹی ہریش راؤ کی سرپرستی حاصل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم ایل سی سبھاش ریڈی بھی پرامید ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ انہیں ریاستی وزیر اعلیٰ کی شریک حیات میدان میں اتارنے کی بھرپور تائید میں ہیں۔ اب تیسرے امیدوار ڈاکٹر مائنم پلی روہت کو ریاستی وزیر کے ٹی آر کی پوری تائید حاصل ہے۔ اب وقت ہی بتائے گا کہ ٹکٹ کے حصول میں کون بازی مارے گا۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی میدک میں بی آر ایس کی گرفت کافی مستحکم ہے جبکہ کانگریس میں گروپ بندیاں کافی ہیں۔ بھاجپا بھی اس طرح گروپ بندیوں کا شکار ہے پھر بھی کامیابی کے لئے امید لگائی ہولی ہے۔ رکن اسمبلی ملکاجگیری ہنمنت راؤ جو کئی سالوں سے مائنم پلی ٹرسٹ کی جانب سے میدک اسمبلی کے دیہاتوں میں فلاحی سرگرمیاں چلا رہے ہیں اب اپنے فرزند کو لے کر فلاحی سرگرمیوں میں زور کردیا ہے۔ حال ہی میں میدک گرلز ہائی اسکول کی اجڑی ہوئی عمارت کو اپنے ٹرسٹ کی جانب سے مرمت و آہک پاشی کے ذریعہ خوبصورت کردیا ہے۔ اب وقت ہی بتائے گا کہ ٹکٹ کس کے نصیب میں ہے۔