میدک میں تین گھنٹوں کے اندر 13 سنٹی میٹر ریکارڈ بارش

   

میدک، 11 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ضلع میں بدھ کی شب محض ساڑھے تین گھنٹوں کے دوران ریکارڈ سطح کی بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں معمولات زندگی متاثر ہوگئے۔ میدک ٹاؤن میں 13 سنٹی میٹر، راجی پلی میں 9.2 سنٹی میٹر اور پاتور میں 8 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ غیر متوقع بارش سے میدک شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ گاندھی نگر کالونی کے متعدد مکانات میں برساتی پانی گھس گیا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ رام داس چوراہے سے نئے بس اسٹانڈ تک سڑکیں زیرآب آگئیں اور آمد و رفت مفلوج ہوگئی۔ اسی طرح میدک۔حیدرآباد ہائی وے پر بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا، جسے بہاؤ کا رخ موڑنے کے لئے حکام نے جے سی بی کی مدد سے ڈیوائیڈر کو ہٹایا۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے احتیاطی اقدامات اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔