میدک ۔ صدر ضلع حج سوسائٹی میدک الحاج خواجہ معین ا لدین کی قیادت میں ایک وفد افکو ڈائرکٹر دیویندر ریڈی سے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں ملاقات کرتے ہوئے میدک میں حج ہاوز کی تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نمائندگی کی جس پر انہوںنے کہا کہ بہت جلد مسلم شادی خانہ کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا ۔ اس کے بعد حج ہاوز کے تعمیری کاموں کا آغاز کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ حج سوسائٹی دو سال قبل ہی میدک نیو بھارت فنکشن ہال میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران حج ہاوز کی تعمیر کیلئے رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی سے نمائندگی کی تھی ۔ جس پر رکن اسمبلی نے حج ہاوز کی تعمیر عمل میں لانے کا تیقن دیا تھا ۔ آج سوسائٹی کے ذمہ داران جس میں جناب خواجہ معین الدین ، امام جامع مسجد ،حافظ سید قاضی خواجہ معزالدین اور محمد نعیم الدین نے افکو ڈائرکٹر دیویندر ریڈی جو رکن اسمبلی کے خاوند ہیں ملاقات کرتے ہوئے تحریری یادداشت پیش کی ہے ۔
کانگریس کووڈ سیوک پراجکٹ کے تحت محمد مجاہد منتخب
منچریال ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے مسٹر محمد مجاہد سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو کانگریس کووڈ میدک پراجکٹ کے تحت تلنگانہ کانگریس کووڈ سیوک رکن کی حیثیت سے نامزد کیا ہے ۔ مسٹر مجاہد نوجوان حرکیاتی کانگریس لیڈر ہیں وہ حلقہ اسمبلی چندر کے مندامری ٹاون سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں بے شمار شہری ہلاک ہوچکے ہیں ۔ مرکزی و ریاستی حکومتیں کورونا کو قابو کرنے میں بے بس ہوگئے ہیں ۔ ایسے حالات میں کانگریس پارٹی نے کانگریس کووڈ سیوک پراجکٹ مو ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کرے گا ۔ تلنگانہ ریاست کیلئے مسٹر محمد مجاہد کو کارکن تلنگانہ کانگریس کوویڈ سیوک نامزد کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کورونا ویکسن و ادویات متاثرہ مریضوں تک بروقت فراہمی کیلئے مساعی کریں گے ۔ ریاست کے کورونا مریضوں کیلئے پراجکٹ کے تحت ہر ممکن مدد بروقت فراہم کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کو روکنے کی مساعی کی جائے گی ۔