حیدرآباد۔3 جنوری(یواین آئی)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد،آصف آباد،منچریال،نرمل، ورنگل، ہنمکنڈہ،جنگاوں،یادادری بھونگیر، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری،وقارآباد،سنگاریڈی،میدک اور سدی پیٹ میں بعض مقامات پر آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شدید کہر ہوگی۔اپنے بلیٹن میں محکمہ نے کہا کہ ریاست کے کئی مقامات پرآئندہ سات دنوں کے دوران موسم کے خشک رہنے کا امکان ہے ۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں موسم خشک رہا۔منگل اورچہارشنبہ کی درمیانی شب میدک ضلع میں اقل ترین درجہ حرارت 14ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔ادھر بھدرادری کوتہ گوڑم میں کہر کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔ساتھ ہی سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ضلع میں رات کے درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی ہے ۔صبح میں 9بجے تک بھی کہر کی گھنی چادرسڑک پر نظرآرہی ہے جس کے سبب روشنی نہ ہونے اور سامنے راستہ نظرنہ آنے کے نتیجہ میں گاڑی سوارہیڈلائٹس کھول کرگاڑیاں چلانے پر مجبور ہیں۔
شدید سردی کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں ہی رہنے پرمجبور ہیں۔بھدراچلم۔وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر بڑے پیمانہ پر کہر کے سبب سامنے سے آنے والی گاڑیاں نظرنہیں آرہی ہیں۔