میدک میں سہ روزہ ڈسٹرکٹ سائنس فیر

   

میدک ۔ 23نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے ویزلی ہائی اسکول(گول بنگلہ) پر 24تا26نومبر سہ روزہ ڈسٹرکٹ سائنس فیر کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ضلع مہتمم تعلیمات رمیش کمار نے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔انھوں نے کہا سائنس فیر کے افتتاحی پروگرام میں ضلع کلکٹر میدک ایس ہریش۔صدر نشین ضلع پریشد محترمہ ہیما لتا گوڑ،ارکان اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی میدک سی ایچ مدن ریڈی نرساپور اور ایم ایل سی میدک ایس سبھاش ریڈی کے علاؤہ دیگر عوامی منتخب نمائندوں کی شرکت ہوگی۔DEO نے بتایا کہ سائنس فیر میں سائنس اور ریاضی و دیگر ٹیکنالوجی پر مشتمل 500 ماڈلس کی نمائش ہوگی۔دوران سائنس فیر طلبا اور طالبات کے لئے علیحدہ قیام کرنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔سائنس فیر کو کامیاب بنانے کیلئے قیام طعام،رجسٹریشن،ٹرانسپورٹیشن اور دیگر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ڈسٹرکٹ سائنس آفیسر مسٹر راجی ریڈی کے تعاون سے 150 اساتذہ پر مشتمل 18 کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے۔

بیدر میں 26 نومبر کو خواتین کے کینسر کی مفت اسکریننگ
بیدر۔ 23 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انڈین میڈیکل اسوسی ایشن (آئی ایم اے) بیدر کے تعاون سے 26 نومبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک بیدر شہر کے ضلع پنچایت دفتر کے سامنے 100 بستروں والے سرکاری اسپتال میں خواتین کے لیے مفت کینسر اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیاہے۔ ایچ سی جی کینسر ہسپتال، گلبرگہ کے ماہرین اس کیمپ میں خواتین کے لیے سینہ اور بچہ دانی سے متعلق کینسر (سینے کی گانٹھ، سفید مادہ، بے قاعدہ ماہواری) کی مفت اسکریننگ کریں گے۔ آئی ایم اے بیدر کے صدر ڈاکٹر مدنا ویجناتھ، نائب صدر ڈاکٹر اوما دیشمکھ اور سکریٹری ڈاکٹر ملیکارجن پن شیٹی نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ یہ کیمپ خاص طور پر خواتین کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔