میدک میں فلاحی اسکیمات کے مستحقین کا سروے

   

کاموں میں شفافیت پر زور، عہدیداروں کا تعاون کرنے عوام سے ضلع کلکٹر کی خواہش
میدک /16 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر میدک مسٹر راہول راج نے ضلع کے مقامات رامائم پیٹ بلدیہ اور کاٹریال گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے آغاز کئے جانے والے حمار باوقار اسکیمات فوڈ سیکوریٹی کارڈ ، اندراماں گھروں ، اندراماں اتیمیا بھروسہ رائتو بھروسہ کے مستحقین کیلئے جاری سروے کے کاموں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر خود کلکٹر نے گھر گھر جاکر سروے پیٹرن کا جائزہ لیتے ہوئے عوام سے راست ملاقات کی اور تمام تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے سرکاری عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تمام فلاحی اسکیموں کو ہر مستحق تک پہونچانے کیلئے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ تمام فلاحی اسکیموں کے سروے کیلئے ہر منڈل میں اسپیشل آفیسرس کا تقرر کرتے ہوئے ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ متعین کردہ عہدیداروں کو چاہئے کہ فیلڈ سطح پر تمام کام انجام دیں ۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ سروے کے کاموں میں عہدیداروں کا ساتھ دیں تاکہ ہر مستحق کو اس کا فائدہ ہو ۔ کلکٹر راہول نے سروے کے کاموں کی ستائش بھی کی ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ مال اور زراعت کے عہدیدار سروے میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے متعین شدہ آفیسرس سے کہا کہ اگر ورے کے کاموں کی انجام دہی میں کوئی مشکلات درپیش ہوں تو فوری مطلع کریں۔ کلکٹر راج نے کہا کہ 16 تا 20 جنوری سروے کیا جائے گا اور 21 تا 24 جنوری گرام سبھائیں معنقد کی جائے اور اہل افراد کی فہرست تیار کرلی جائے اور تمام کام مقررہ شیڈیول کے مطابق انجام دیں اور تمام کاموں میں شفافیت برتی جائے ۔ ضلع کلکٹر کے ہمراہ آبپاشی کے ای ای سریونسا راؤ رامائم پیٹ تحصیلدار شریمتی رجنی کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔