میدک، 21/ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع میدک میں ونا مہوتسو پروگرام کے تحت مختلف محکمہ جات کی جانب سے 37 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ ضلع کلکٹر راہول راج نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ منصوبہ بند انداز میں شجرکاری کی کارروائی کو یقینی بنائیں۔یہ بات انہوں نے آج کلکٹریٹ آفس میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ DFO ایم جوجی کی زیر قیادت منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں کہی، جس میں محکمہ وار پودے لگانے کے اہداف پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کلکٹر نے کہا کہ بارش کا آغاز ہوتے ہی شجرکاری کی مہم شروع کی جانی چاہیے، اور اس مقصد کے لیے محکمہ دیہی ترقیات اور محکمہ جنگلات کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر علاقہ کی نرسری میں پودے تیار رکھے جائیں اور انہیں متعلقہ محکمہ جات کو بروقت فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال لگائے گئے پودے اگر خشک ہوگئے ہوں تو ان کی جگہ نئے پودے لگانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ افسران باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مقررہ ہدف کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔اس اجلاس میں انچارج ایڈیشنل کلکٹر بھجن راؤ، ڈی آر ڈی او پی ڈی سرینواس راؤ، زیڈ پی سی ای او یلّیا، ڈسٹرکٹ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشنل آفسر۔ چیف پلاننگ آفیسر اور دیگر متعلقہ ضلعی عہدیداران شریک تھے۔