میدک میں چار دن سے مشن بگھیرتا کے پانی کی سپلائی بند

   

عوامی مسائل کے حل میں عہدیداران ناکام، ایڈیشنل کلکٹر کو پدما دیویندر ریڈی کی یادداشت

میدک۔ 20 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک شہر میں گزشتہ چار دنوں سے مشن بھاگیرتا کے تحت پینے کے پانی کی سربراہی مکمل طور پر بند ہے جس کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم متعلقہ عہدیداران اور عوامی نمائندے اس مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ اس صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بی آر ایس پارٹی کی ضلع صدر و سابق رکن اسمبلی ایم۔ پدما دیویندر ریڈی نے آج ضلع کلکٹریٹ پہنچ کر ایڈیشنل کلکٹر ناگیش کو ایک یادداشت پیش کی اور فوری مرمت کے کام مکمل کر کے پانی کی فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ میدک میونسپل حدود میں چار دنوں سے پانی کی سربراہی بند ہے اور عوام سخت پریشان ہیں، لیکن آر ڈبلیو ایس اور میونسپل عہدیداران سمیت عوامی نمائندے بھی اس مسئلہ سے غافل ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی دس سالہ حکمرانی کے دوران اس نوعیت کی کوئی شکایت نہیں آئی، لیکن کانگریس پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسائل کا آغاز ہوا ہے۔ مشن بھاگیرتا اسکیم پر موجودہ حکومت کی نگرانی نہ ہونے کے سبب پانی کی سربراہی متاثر ہو رہی ہے جس سے نظام درست طریقہ سے چل رہا تھا، مگر اب کسی بھی افسر کی موثر نگرانی نہ ہونے کے سبب عوام پینے کے پانی کے لیے ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پائپ لائن کی مرمت کا کام چار دن گزرنے کے باوجود مکمل نہیں کیا جا سکا جو کہ عہدیداران کی باہمی تال میل کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہاں تک کہ عوام کو عارضی طور پر ٹینکروں کے ذریعہ بھی پانی فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔ عوامی نمائندے بھی اس مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور متعلقہ عہدیداران سے بات کر کے تفصیلات جاننے تک کی زحمت نہیں کر رہے۔پدما دیویندر ریڈی نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر کل تک مرمت کا کام مکمل کر کے پانی کی سربراہی بحال نہیں کی گئی تو بی آر ایس پارٹی کی جانب سے شدید احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر میونسپل کے سابق چیرمین ملیکارجن گوڑ، پارٹی ٹاؤن کنوینر و سابق کونسلر ماملا آنجنئیلو، سابق کونسلر وشوام، جے راج، آر کے سرینواس، کشور، مایا ملیشم، پارٹی کو کنوینر لنگا ریڈی، زبیر احمد، قائدین پربھو ریڈی، کاساپورم مدھو، جگدیش، روی، امیر، وینو، رنجیت، ترن سمیت دیگر کارکن موجود تھے۔