میدک کلکٹریٹ میں محکمہ بہبود خواتین و اطفال کا اجلاس، کلکٹر راہول راج کا خطاب

   

میدک، 29/ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر راہول راج نے کہا کہ کم عمری کی شادیوں، غیر قانونی طور پر گود لئے جانے کے واقعات اور بچوں پر ہونے والے مظالم کو سختی سے روکا جانا چاہیے۔ وہ آج کلکٹریٹ دفتر میں محکمہ خواتین و اطفال بہبود ضلع میدک کے زیر اہتمام منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے، جس میں ضلع سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ لڑکی کو باضابطہ طور پر گود دیا گیا۔ یہ عمل مرکزی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ادارہ CARA (Central Adoption Resource Authority) کی رہنمائی میں انجام پایا، جس کے مطابق اس لڑکی کو پْڈوچیری سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے قانونی طور پر گود لیا۔ اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ جو بھی افراد کسی یتیم یا بے سہارا بچے کو گود لینا چاہتے ہوں، وہ ضلع چائلڈ پروٹیکشن یونٹ میدک سے رجوع کریں۔ بعد ازاں کلکٹر راہول راج، ایڈیشنل کلکٹر ناگیش اور ضلع ویلفیئر آفیسر ہیماوتی کے ہاتھوں کم عمری کی شادیوں اور بچوں پر مظالم کی روک تھام سے متعلق شعور بیداری پمفلٹس جاری کیے گئے۔