میدک کو منشیات سے پاک بنانے ہر فرد اس مہم کا حصہ بنے

   

Ferty9 Clinic

اینٹی ڈرگ کمیٹی کے رابطہ اجلاس کا انعقاد، کلکٹر راہول راج کا اظہار خیال
میدک۔ 30 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کو منشیات سے پاک بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ضلع کلکٹر راہول راج نے کہا کہ ہر فرد کو اس مہم میں بھرپور تعاون دینا چاہیے تاکہ ایک محفوظ اور صحت مند سماج تشکیل دیا جا سکے۔ ضلع سطحی اینٹی ڈرگ کمیٹی کے رابطہ اجلاس کا انعقاد آج انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں منعقدکیا گیا جس کی صدارت ضلع کلکٹر راہول راج اور ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اْودئے کمار نے مشترکہ طور پر کی۔ اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں کو بْری عادتوں سے دور رکھتے ہوئے انہیں تعلیم پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ منشیات کے استعمال کے خلاف سخت پولیس اقدامات کیے جائیں اور گانجہ و دیگر نشہ آور اشیاء کے استعمال کو روکنے کیلئے کالج انتظامیہ اور والدین کو طلبہ پر خصوصی نظر رکھنی چاہیے۔ کلکٹر نے ہدایت دی کہ منشیات کے مضر اثرات اور صحت پر ان کے نقصانات سے متعلق عوامی بیداری کیلئے محکمہ صحت کے عہدیداروں کی جانب سے آگاہی پروگرامس منعقد کیے جائیں۔ ضلع ایس پی اْدئے کمار نے کہا کہ نئی نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے پولیس محکمہ مسلسل کوششیں کر رہا ہے اور سماج میں اچھائی و برائی کی تمیز سے متعلق شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کیلئے مسلسل تلاشی مہمات جاری ہیں۔ اس اجلاس میں زیڈ پی سی ای او ایلیا، ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شری رام کے علاوہ ریونیو اور پولیس سے وابستہ عہدیداران نے شرکت کی۔