تہران : 7 ڈسمبر ( ایجنسیز ) ایران میں میراتھن میں خواتین کی بغیر حجاب شرکت کرنے پر میراتھن کے منتظمین کو گرفتار کرلیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خواتین کے بغیر حجاب میراتھن میں حصہ لینے پر 2 منتظمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔یہ کارروائی اْس وقت عمل میں آئی جب جمعہ کو جنوبی ایران کے ساحل کے قریب واقع جزیرہ کِش میں ہونے والی میراتھن کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں جن میں کئی خواتین کو بغیر حجاب کے دوڑ میں شریک دیکھا گیا۔اس میراتھن میں 2 ہزار خواتین اور 3 ہزار مردوں نے الگ الگ شرکت کی۔رپورٹ کے مطابق میراتھن میں سرخ شرٹس پہنے کئی خواتین کو حجاب کے بغیر دیکھا گیا جبکہ کئی نے سر بھی نہیں ڈھانپے ہوئے تھے جس پر مختلف حلقوں سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔تبدیلی کے حامی ایرانیوں نے ان تصاویر کو خواتین کی جانب سے سرکاری پابندیوں کے خلاف جرات مندانہ قدم قرار دیا، جبکہ سرکاری حکام نے اسے قواعد کی خلاف ورزی اور موجودہ نظام کے لیے چیلنج قرار دیا۔ایرانی عدلیہ نے تیزی سے نوٹس لیتے ہوئے منتظمین کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔حکام کے مطابق نہ صرف بعض خواتین کی جانب سے حجاب کے قانون کی خلاف ورزی قابلِ اعتراض ہے بلکہ اس بات پر بھی شدید تحفظات ہیں کہ یہ میراتھن منعقد کیوں کی گئی۔