میرا اور افراد خاندان کا ایک قطرہ خون بہے گا تو کے سی آر ذمہ دار: راجندر

   

حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے کہا کہ اگر ان کا اور افراد خاندان میں کسی کا ایک قطرہ خون بہتا ہے تو اس کی ذمہ داری چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر عائد ہوگی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے الزام عائد کیا کہ حضورآباد میں کامیابی کے بعد سے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حضورآباد میں حکومت نے بڑے پیمانے پر گن لائسنس جاری کردیئے ہیں۔ انہوں نے عہد کیا کہ وہ ٹی آر ایس کے اقتدار کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ راجندر نے کہا کہ صرف ضرورت کے تحت ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں برقرار ہیں اور کچھ دن بعد تمام ٹی آر ایس ارکان بی جے پی شمولیت کیلئے قطار میں کھڑے ہوں گے۔ راجندر نے اسمبلی سیشن سے ان کی معطلی کو غیر جمہوری قرار دیا اور کہا کہ وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے اصولوں پر قائم رہے ہیں اور کبھی بھی انحراف نہیں کیا۔ر