’ ’میرا بیٹا ایک ماہ کیلئے لبنان گیا اور جنونی بن کرواپس آیا‘ ‘

   

نیویارک : لبنانی نژاد امریکی ہادی مطر جسے سلمان رشدی کو نیویارک میں گزشتہ جمعہ کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتارکیا گیا ہے کی ماں نے کہا ہے کہ اس کا بیٹا امریکہ میں پیدا ہوا اور وہیں پرورش پائی۔ وہ صرف ایک ماہ کے لیے 2018 میں مشرق وسطیٰ گیا۔ اس ایک ماہ کے دوران وہ جنوبی اور متعصب بن کر واپس آیا۔ واپسی پر اس نے خود کو گھر کے تہہ خانے میں بند کر لیا اور کئی مہینوں تک اپنے خاندان سے بات بھی نہیں کی۔ لبنانی نژاد سلوانا فردوس نے ان خیالات کا اظہار برطانوی اخبار’ڈیلی میل‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔46 سالہ سلوانا فردوس نے بتایا کہ اْنہیں سلمان رشدی کے چھرا گھونپنے کا علم اس وقت ہوا جب ’ایف بی آئی‘ کے ایجنٹوں نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ انہوں نے فیئر ویو نیو جرسی میں واقع ان کے گھر اس تہہ خانے کی بھی تلاشی لی جہاں میرا بیٹا ٹھہرتا تھا۔ ایف بی آئی نے ایک کمپیوٹروہاں سے قبضے میں لیا۔ اس کے علاوہ اس کمرے سے پلے اسٹیشن، کتابیں، چاقو اور بلیڈ تیز کرنے کا ایک آلہ بھی برآمد کیا گیا۔ میں اس وقت اپنے کام کی جگہ پر تھی جب میری بیٹی نے مجھے فون کیا اور بتایا کہ ’ایف بی آئی‘ کے ایجنٹ گھر پر ہیں اور میں اس خبر سے حیران رہ گئی۔