میرا تعلق بی جے پی سے ہے مگر پارٹی میری نہیں ہے ۔ پنکجا منڈے

   

ممبئی : مہاراشٹرا کی سابق وزیر و بی جے پی کی قومی سکریٹری پنکجا منڈے نے آج کہا کہ وہ بی جے پی سے تعلق رکھتی ہیں لیکن بی جے پی ان کی پارٹی نہیں ہے ۔ سینئر بی جے پی لیڈر آنجہانی گوپی ناتھ منڈے کی دختر پنکجا منڈے نے 2019 اسمبلی انتخابات میں اپنی شکست کے بعد سے خود کو سرگرمیوں سے دور رکھا ہوا ہے ۔ دیویندر فرنویس حکومت میں وہ وزیر رہ چکی ہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک بڑی پارٹی ہے جو ان کی نہیں ہے ۔ وہ بی جے پی سے تعلق رکھتی ہیں۔ اگر انہیں اپنے والد سے کوئی شکایت ہوگی تو وہ اپنے بھائی کے گھر چلی جائیں گی ۔ ان کا حوالہ مہادیو جنکر کی راشٹریہ سماج پکشا جماعت کی سمت تھا ۔ گذشتہ چند برسوں میں یہ افواہیں گرم چل رہی تھیں کہ پنکجا منڈے کو ریاستی بی جے پی میں نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔ ایکناتھ شنڈے ۔ فرنویس حکومت کی اگسٹ 2022 میں کابینی توسیع کے بعد انہوں نے کہا کہ شائد وہ وزارت حاصل کرنے کی اہل نہیں رہ گئی ہیں۔ مہاراشٹرا بی جے پی کے صدر چندرشیکھر باون کولے نے جاریہ سال جنوری میں کہا تھا کہ کچھ لوگ پارٹی اور پنکجا منڈے میں دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔