وزیر داخلہ محمد محمود علی کا بیان
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے واضح کیا کہ ان کے نام کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میڈیا کے بعض گوشوں میں وزیر داخلہ کی پیشی سے وابستہ بعض عہدیداروں اور ان کے بعض رشتہ داروں کی جانب سے اراضی معاملات اور دیگر معاملات میں وصولی سے متعلق خبروں کی اشاعت کے بعد وزیر داخلہ نے اعلیٰ عہدیداروں کو اس معاملہ کی جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پیشی سے وابستہ کوئی بھی شخص اگر اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اسے بخشا نہیں جائے گا۔ محمود علی نے کہا کہ ان کے رشتہ دار ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے جو لوگ اراضی معاملتوں میں ملوث ہیں ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد نے پیشی سے وابستہ ملازمین کو رقومات دی ہیں اگر وہ تفصیلات پیش کریں تو وہ خاطی ملازمین کو ذمہ داریوں سے برطرف کردیں گے۔ وزیر داخلہ کی پیشی سے وابستہ بعض ملازمین کی سرگرمیوں کے سلسلہ میں سابق میں بھی کئی شکایات منظر عام پر آئی ہیں اور یہ معاملہ چیف منسٹر کے دفتر تک پہنچ گیا جس کے بعد پیشی سے وابستہ دو ملازمین کی خدمات کو متعلقہ محکمہ جات واپس کردیا گیا تھا لیکن کچھ مدت گذرنے کے بعد دونوں ملازمین کسی طرح دوبارہ پیشی میں واپس آگئے۔ میڈیا کے بعض گوشوں میں وزیر داخلہ کے مبینہ رشتہ داروں اور پیشی کے ملازمین سے متعلق سرگرمیاں منظر عام پر آنے کے بعد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خود کو وزیر داخلہ کا رشتہ دار ظاہر کرتے ہوئے اراضی کے معاملات میں ملوث ہوکر دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ وجئے نگر کالونی میں ایک سابق فوجی کی اراضی کو وزیر داخلہ کے قریبی رشتہ دار ظاہر کرتے ہوئے قبضہ کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پیشی کا ایک ملازم اراضی کے تنازعات میں ملوث پایا گیا۔ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کے بعض امیدواروں سے نئے سیل فون حاصل کئے گئے۔50 لاکھ روپئے کا معاملہ طئے کرتے ہوئے بطور اڈوانس 4 لاکھ روپئے حاصل کرنے کی شکایت ہے لیکن کام مکمل نہ ہونے پر متاثرہ شخص نے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا جس پر چیک حوالے کیا گیا۔ محکمہ جیل کے ایک ملازم کا مسئلہ حل کرنے کیلئے ڈھائی لاکھ روپئے حاصل کرنے کا الزام ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حال ہی میں وزیر داخلہ کے گھر میں شادی کے سلسلہ میں اخراجات کے نام پر پیشی سے وابستہ بعض افراد نے بھاری رقومات حاصل کی۔