سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کی مساعی، کے اشوک ریڈی ایم ڈی موسی ریور فرنٹ کا دورہ
حیدرآباد۔7اگسٹ(سیاست نیوز) میر عالم تالاب کے اطراف چہل قدمی اور سائکلنگ ٹریک کی تعمیر کے کام تیزی سے جاری ہیں اور بہت جلد ان کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔دونوں شہروں میں گذشتہ دو ہفتوں سے جاری بارش کے سبب پیدا شدہ صورتحال کی وجہ سے تعمیری کامو ںمیں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے لیکن جن کاموں میں بارش رکاوٹ نہیں ہے ان کاموں کو مسلسل جاری رکھا گیا ہے۔مسٹر کے اشوک ریڈی منیجنگ ڈائریکٹر موسی ریورفرنٹ نے آج میر عالم تالاب کے اطراف جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 10 کیلو میٹر طویل اس راہداری میں 8کیلو میٹر پر کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہ اور مابقی دیگر کاموں کی جلد تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائیں۔ میر عالم تالاب کے اطراف زیر تعمیر اس سڑک پر 2.5 کیلو میٹر طویل سائکلنگ ٹریک کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔ مسٹر اشوک ریڈی نے ٹوئیٹر کے ذریعہ تعمیراتی کاموں کی تفصیلات سے واقف کروایا۔
بتایاجاتا ہے کہ عہدیداروں نے اس موقع پر مسٹر اشوک ریڈی کو نکلس روڈ کے طرز پر زیر تعمیر اس سڑک کی تفصیلات اور شجرکاری کے علاوہ چہل قدمی کیلئے بنائے جانے والے ٹریک کی تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے جاری ان کاموں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے علاوہ میر عالم تالاب میں پہنچنے والے گندے پانی کو علحدہ کرنے کیلئے راہداری بنائی گئی ہے اور میر عالم تالاب سے متصل واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تک بنائی گئی اس راہداری تک گندے پانی کو پہنچانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعہ پانی کی صفائی کے بعد پانی کو تالاب میں پہنچایا جائے گا ۔عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں میر عالم تالاب تاریخی اہمیت کا حامل تالاب ہے اور اس تالاب کو صاف و شفاف بناتے ہوئے تالاب کو سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات کے حصہ کے طور پر ہی تالاب کے اطراف نکلس روڈ کے طرز کی سڑک تعمیر کی جا رہی ہے ۔مسٹر اشوک ریڈی نے تالاب کے تحفظ اور ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں تالابوں کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات ماحولیات کے تحفظ کے مترادف ہے اسی لئے عہدیداروں کو ذخائر آب اور تالابوں کے تحفظ کے ذریعہ ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہئے ۔