میرعالم تالاب کا پانی پینے سے زو کے ببر شیر بیمار

,

   

حیدرآباد : نہرو زوالوجیکل پارک کے 8 ببر کورونا سے متاثر ہوگئے تھے جو اب صحت یاب ہورہے ہیں۔ تاہم انھیں صحت کے اعتبار سے خطرات لاحق ہیں کیوں کہ زو سے متصل میر عالم تالاب کا آلودہ پانی نالے کے ذریعہ گزرتا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ ضروری ہے کہ اپریل کے آخری ہفتے میں زو میں سفاری پارک کے 8 ببر کوویڈ ۔ 19 سے متاثر ہوگئے تھے۔ ملک بھر میں جنگلی جانوروں کے کوویڈ سے متاثر ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ اگرچہ سفاری پارک کے علاقہ میں جانوروں کو برتن کے ذریعہ صاف پینے کا پانی مہیا کیا جاتا ہے پھر بھی اکثر اوقات وہ اُن کے انکلوژرس سے ہوکر نالے کے ذریعہ میر عالم تالاب کے آلودہ پانی کو بھی پیتے ہیں۔ اِس سے اُن کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ زو کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سدھانند کوکریتی نے بتایا کہ ہم ببر شیروں کو وہی ادویات (کیڑوں سے چھٹکارا دلانے والی دوا) دے رہے ہیں جو عام طور پر لوگ اپنے پالتو جانوروں کو دیتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ میر عالم تالاب کا پانی انتہائی آلودہ ہوتا ہے جس میں سیوریج کے پانی کے علاوہ صنعتی فضلات بھی ہوتے ہیں۔ اِس لئے کم از کم دو ہفتوں میں ایک مرتبہ دوا دی جاتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ زو کے دیگر انکلوژرس کے مقابل سفاری پارک میں ببر شیروں کو دوا دینے کی مدت زیادہ ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال شہر میں شدید بارش کے نتیجہ میں میر عالم تالاب کا پانی زو میں بھی داخل ہوگیا تھا۔ اِس موقع پر سفاری پارک کے علاقہ کے قریب بھاری مقدار میں پانی جمع ہوگیا تھا۔ زو کے عہدیداروں کی جانب سے اُس ہاؤز کے پانی کو محفوظ رکھنے اور اُس کے معیار کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ زو کے اعلیٰ عہدیداروں اور دیگر عملے کی جانب سے اُن جانوروں پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے جن کے میر عالم تالاب کے پانی پینے کا اندیشہ ہے۔ ایسے جانوروں کا احتیاطی اقدامات کے طور پر علاج بھی کیا جارہا ہے تاکہ اُنھیں بیمار ہونے سے روکا جاسکے۔