میرعالم ٹینک کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے حکومت کا منصوبہ

   

6 لائین پر مشتمل بریج کی تعمیرکیلئے کنسلٹنٹ کا تقرر
حیدرآباد ۔ 19۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت میر عالم ٹینک کے اطراف سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے جامع منصوبہ تیار کر رہی ہے ۔ اس کے تحت 6 لائین کی گنجائش والا بریج تعمیر کیا جائے گا ۔ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ مجوزہ بریج کی تعمیر سے بنگلور قومی شاہراہ 144 سے چنتل میٹ تک ٹریفک جام کے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ 2.65 کیلو میٹر مسافت کا یہ بریج عطا پور سے شروع ہوگا۔ بریج کی تعمیر سے مسافت کے وقت میں کمی واقع ہوگی۔ ایچ ایم ڈی اے نے بریج کے ساتھ نہرو زوالوجیکل پارک کو مربوط کرتے ہوئے اسکائی واک پراجکٹ کا منصوبہ بنایا ہے۔ حکومت کی ہدایت پر ایچ ایم ڈی اے نے ٹرانزیکشن اڈوائزر اور ایریا ڈیولپمنٹ پلان کنسلٹنٹ کے تقرر کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ کنسلٹنٹ پراجکٹ کی تکمیل میں ایچ ایم ڈی اے سے تعاون کریگی۔ حکام کے مطابق سیاحتی مرکز کے تحت سیکل ٹریک اور پیدل راہگیروں کیلئے علحدہ ٹریک کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ میر عالم تالاب کی مجموعی ترقی اور سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے جامع منصوبہ کے تحت بریج کی تعمیر اہمیت کی حامل ہے۔ 1