میرواعظ عمر فاروق نظر بند

,

   

سری نگر22مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکام نے حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق کو جمعہ کے روز سکول پرنسپل رضوان پنڈت کی زیر حراست ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرنے سے روکنے کے لئے خانہ نظر بند رکھا۔واضح رہے کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے اونتی پورہ سے تعلق رکھنے والے جواں سال سکول پرنسپل رضوان پنڈت کی حراستی ہلاکت کے خلاف نماز جمعہ کے بعد پُر امن احتجاجی مظاہرے کی اپیل دی تھی۔ادھر بزرگ حریت لیڈر سید علی گیلانی حیدر پورہ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر لگاتار خانہ نظر بند ہیں جبکہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کوٹ بلوال جموں میں بند ہیں۔یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق حکام نے میرواعظ عمر فاروق کی شہر خاص کے نگین میں واقع رہائش گاہ کے باہر جمعہ کی صبح سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی بھاری جمعیت تعینات کی تھی تاکہ وہ تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اسکول پرنسپل رضوان پنڈت کی حراستی ہلاکت کے خلاف احتجاجی ریلی کی قیادت نہ کر سکیں۔اس دوران جامع مسجد کے تمام دروازوں کو مقفل کرکے وہاں نماز جمعہ کی ادائیگی ناممکن بنائی گئی۔