نئی دہلی 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اعتدال پسند حریت کانفرنس لیڈر میرواعظ عمر فاروق دہشت گردی کی فنڈنگ سے متعلق ایک مقدمہ میں پیر کو قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) کے روبرو پیش ہونگے ۔ ایجنسی نے انہیں تیقن دیا ہے کہ ان کی سکیوریٹی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ میرواعظ کو حال ہی میں تیسرا سمن حوالے کیا گیا تھا جس میں انہیں یہ تیقن دیا گیا تھا کہ این آئی اے کی جانب سے ان کی مکمل سکیوریٹی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ حریت کانفرنس قائدین عبدالغنی بھٹ ‘ بلال لون اور مولانا عباس انصاری نے بھی میرواعظ کی تائید کا فیصلہ کیا ہے اور وہ بھی این آئی اے ہیڈ کوارٹرس کو ان کے ساتھ جائیں گے تاکہ ان سے اظہار یگانگت کرسکیں۔ حریت کے ارکان نے یہ بات بتائی ۔ 2004 میں ان ہی قائدین نے اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور اس وقت کے وزیر داخلہ ایل کے اڈوانی سے ملاقات کرکے مسئلہ کشمیر کے ایک دیرپا حل کی دریافت کیلئے کوششیں کی تھیں۔ حریت کانفرنس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میرواعظ کل این آئی اے کے روبرو پیش ہونگے جبکہ ایجنسی نے انہیں مکمل سکیوریٹی کا تیقن دیا ہے ۔