میرواعظ کی این آئی اے میں طلبی، سری نگر کے پائین شہر میں کرفیو جیسی پابندیاں

   

سری نگر10مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کے نئی دہلی میں واقع مرکزی دفتر میں طلبی کے پیش نظر کشمیر انتظامیہ نے اتوار کی صبح سری نگر کے پائین شہر کے بیشتر حصوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کردیں۔ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے پائین شہر کے بیشتر حصوں میں سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کرکے شہریوں کی نقل وحرکت کو اپنے گھروں تک ہی محدود کردیا گیا ہے ۔اس دوران سری نگر کے بیشتر حصوں بالخصوص پائین شہر میں اتوار کے روز علاقائی تجارتی انجمنوں بشمول بیوپار منڈل مہاراج گنج، شہر خاص ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس کارڈی نیشن کمیٹی اور جامع مارکیٹ ٹریڈرس فیڈریشن کی کال پر ہڑتال سے تجارتی و دیگر سرگرمیاں معطل رہیں۔ ان تجارتی انجمنوں نے میرواعظ عمر فاروق جو کہ جموں وکشمیر کے سب سے بڑے مذہبی رہنما ہیں، کی این آئی اے کے مرکزی دفتر میں طلبی کے خلاف پیر کے روز بھی پائین شہر میں ہڑتال کی کال دے رکھی ہے ۔

دہلی میں بی جے پی کا کانگریس سے راست مقابلہ : وجئے گوئل
نئی دہلی 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر وجئے گوئل نے اتوار کو کہاکہ دہلی کے تمام سات حلقوں میں ان کی پارٹی کا کانگریس کے خلاف راست مقابلہ رہے گا اور عام آدمی پارٹی تیسرے مقام پر رہے گی۔ گوئل نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’عوام مرکز میں تشکیل حکومت کے لئے ووٹ دیں گے۔