میرچوک ڈیویژن میں کورونا کے 23 کیسیس کے بعد لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری

   

کئی علاقے نو اِنٹری زون میں تبدیل، گھر گھر طبی معائنوں کیلئے ٹیموں کی تشکیل
حیدرآباد۔14 اپریل (سیاست نیوز) پرانے شہر میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کے ذریعہ عوام کی غیرضروری اور بے جا نقل و حرکت کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لاک ڈاؤن کے سلسلے میں گزشتہ کئی دن سے پولیس کو اس بات کی شکایت تھی کہ پرانے شہر کے کئی علاقے لاک ڈاؤن کی کھلی خلاف ورزی کے مرتکب ہیں۔ پولیس کی نظروں سے بچ کر چھوٹے کاروبار کھول دیئے گئے اور عوام عام حالات کی طرح گھوم پھر رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کیلئے ہجوم کا جمع ہونا بنیادی خطرہ ہے اور پرانے شہر میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اچانک اضافہ اس بات کا ثبوت کہ لاک ڈاؤن کے معاملے میں عوام غفلت و لاپرواہی کا شکار ہیں۔ حکومت نے محکمہ پولیس کو لاک ڈاؤن کے سلسلے میں سخت اقدامات کی ہدایت دی جس کے بعد پرانے شہر کے بیشتر علاقوں کو پولیس نے چھاؤنی میں تبدیل کرتے ہوئے گاڑیوں پر گھومنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ میرچوک ڈیویژن کے تحت کورونا وائرس کے 23 پازیٹیو کیس پائے گئے جن میں سے 4 کی موت واقع ہوئی۔ جن علاقوں میں متاثرین کے مکانات ہیں، ان کے اطراف کی تمام بستیوں کو نو اِنٹری زون میں تبدیل کرتے ہوئے بیریکیٹس لگادیئے گئے۔ عوام کو ضروری اشیاء کی خریداری کی سہولت بھی نہیں ہے۔ پولیس نے نو انٹری زون علاقوں میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ اعلان کیا ہے کہ جس کسی کو اشیاء ضروریہ درکار ہیں، انہیں گھر پر پہنچایا جائے گا۔ کسی کو باہر نکلنے کی ضرورت نہیں ہے۔ لاک ڈاؤن کے درمیان دن کے اوقات میں عوام کو ضروری اشیاء کی خریدی کیلئے باہر نکلنے کی اجازت دی جارہی تھی لیکن کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے بعد پرانے شہر کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس کئی چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو بھی اجازت سے انکار کررہی ہے۔

حکام کا ماننا ہے کہ جب تک سماجی دُوری پر عمل نہیں کیا گیا، اس وقت تک کورونا کے پھیلاؤ کو روکا نہیں جاسکتا۔ ایک بار اگر کمیونٹی ٹرانسمیشن کا آغاز ہوگا تو پھر صورتحال قابو سے باہر ہوسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پرانے شہر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد زیادہ ہے لیکن معائنے نہ ہونے کے سبب کئی متاثرین خود کو گھروں میں بند کئے ہوئے ہیں۔ ایسے افراد کے سبب گھر کے دیگر افراد کے علاوہ ان سے ربط میں آنے والوں کے متاثر ہونے کا قوی اندیشہ ہے۔ محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ کی ٹیمیں نو انٹری زون کے علاقوں میں گشت کرتے ہوئے کورونا متاثرین کے مکانات کے اطراف گھر گھر پہنچ کر ہیلتھ پروفائیل حاصل کررہی ہیں۔ پرانے شہر کے عوام کو کورونا کے خطرہ کا اندازہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔