حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے میریج سرٹیفکیٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں درمیانی افراد کے رول کو ختم کرنے کیلئے یکم اکٹوبر سے صرف آن لائن درخواستوں کی قبولیت کا فیصلہ کیا گیاہے۔ صدرنشین اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ وقف بورڈ کی جانب سے فی الوقت میریج سرٹیفکیٹ آن لائن اور شخصی طور پر جاری کئے جارہے ہیں۔ قاضیوں کی جانب سے جاری کردہ ریکارڈ کی بنیاد پر اجرائی عمل میں آتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بروکرس اور درمیانی افراد کی مداخلت کے نتیجہ میں عوام کو میریج سرٹیفکیٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے درخواستوں کی آن لائن وصولی کا فیصلہ کیا گیا۔ یکم اکٹوبر سے میریج سرٹیفکیٹ کی درخواستیں صرف آن لائن ویب سائیٹ http://waqf.zestwing.com/eqazzath_web/ پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ عوام کو درمیانی افراد سے رجوع ہونے کے بجائے راست طور پر آن لائن درخواستیں داخل کرنی چاہیئے۔