’’مودی حکومت کو اڈانی کے خلاف باتیں پسند نہیں آئی‘‘
نئی دہلی: کانگریس کے لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی آج پارلیمنٹ پہنچے تو انہوں نے استفسار کیا کہ ان کے بیان سے الفاظ کیوں ہٹائے گئے؟ جب راہول پارلیمنٹ پہنچے تو پی ایم مودی لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر تحریک تشکر پر مباحث کے دوران تقریر کررہے تھے۔ درحقیقت راہول جیسے ہی اپنی گاڑی سے اتر کر پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے کیلئے بڑھے تو انہوں نے وہاں کھڑے میڈیا والوں کی طرف دیکھا اور کہاکہ میرے الفاظ کیوں ہٹائے گئے؟ رپورٹر ان سے سوال کرنا چاہتے تھے، لیکن راہول نے دو تین بار یہی بات دہرائی کہ میرے الفاظ کیوں ہٹا دیئے گئے۔ راہول کے اس بیان کا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے۔ گزشتہ روز لوک سبھا میں راہول نے مودی حکومت اور اڈانی گروپ کے درمیان مبینہ تعلقات پر تنقید کی تھی۔ راہول کی تقریر کے کچھ حصوں کو پارلیمنٹ کے ریکارڈ سے نکال دیا گیا ۔ بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ نے راہول کی تقریر کی مخالفت کی۔ جب راہول کی تقریر کے کچھ حصوں کو کارروائی سے ہٹا دیا گیا تو کانگریس پارٹی نے کہا کہ ایوان میں جمہوریت کو تباہ کرنے کا کام کیا گیا ہے۔ راہول نے اپنی تقریر میں کہا تھاکہ جب وزیر اعظم دہلی آتے ہیں،تو 2014 میں اصلی جادو شروع ہوجاتا ہے۔ 2014 میں دولت کے معاملہ میں وہ (اڈانی) 609 نمبر پر تھے، چند سال میں وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔