حیدرآباد۔ 8 فروری (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ وہ کبھی بھی جھوٹ اور غلط بیانی سے کام نہیں لیتے بلکہ ہمیشہ سچائی بیان کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ’’مجھے بی پی اور شوگر جیسی بیماریاں نہیں ہیں‘‘۔ بنڈی سنجے کمار آج بلدی انتخابات کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں بی جے پی امیدواروں کے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں عوامی مسائل کے لئے جدوجہد کرتا ہوں اور میری جدوجہد کے سبب کے سی آر کو بی پی اور شوگر ہوچکا ہے۔1
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس اور بی آر ایس کی باتوں میں نہ آئیں جو خوش کرنے والے وعدے کرتے ہوئے بلدی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ بلدی انتخابات میں بی جے پی امیدواروں کی کامیابی کی صورت میں وہ مرکز سے ترقیاتی فنڈس حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو ووٹ دینے سے ٹیکس کے بوجھ میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں کانگریس حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے اور عوام پر ٹیکس کا بوجھ عائد کیا جارہا ہے۔ بنڈی سنجے کمار نے کانگریس اور بی آر ایس کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیا اور کہا کہ دونوں ایک دوسرے کی مخالفت کا ڈرامہ کررہے ہیں۔ 1