بی جے پی میں ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرکے دیکھ لیں، فرہاد حکیم بھی نشانہ :ممتا بنرجی
کولکاتا : چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آج بی جے پی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کے لیڈروں کے خلاف مقدمات اور گرفتاریاں کرکے اُن کی حکومت کو گرانے کا خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو مجھے گرفتار کرکے دیکھ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی ایجنسی اور ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کے ذریعہ میری حکومت کو گرانے کی تیاری کی جاری ہے ۔ممتا بنرجی نے مرکز ی ایجنسیوں کے غلط استعمال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اپنے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کیلئے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس کے خلاف تحریک چلائیں گے۔ ہندی میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ای ڈی اور سی بی آئی دکھائے جارہے ہیں۔میں کہتی ہوں مجھے بھی گرفتار کرکے دیکھ لو ، اس کے بعد کیا ہوتا ہے ۔ جیل میں ہوں تو بھی باہر آؤں گی۔ تم نے الیکشن سے پہلے مجھ پر حملہ کرکے میری ٹانگ توڑ دی۔ میں نے سوچا کہ میں بچ نہیں پاؤں گی مگر بچ گئی اور وہیل چیئر پر بیٹھ کر انتخابات میں مہم چلائی اور کامیاب ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ نے فرہاد حکیم، ابھیشیک بنرجی کے بارے میں بھی اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو بھی گرفتار کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔بابی کو جائیداد میں اضافے کے نام پر گرفتار کیا جائے گا مگر آپ لوگوں کو اس پر یقین نہیں کرنا ہے۔ انہوں نے تمام میڈیا کو بھی خرید لیا۔ کل شاید ابھیشیک کو بھی نوٹس بھیجیں گے ۔ مرکزی ایجنسی نے اس کی بیوی کو بھی بلایا مجھے لگتا ہے کہ اس بار شاید اس کی دو سالہ بچی کو بلایا جائے گا۔