ممبئی : گزشتہ روز 10 سال پرانے کیس میں باعزت بری ہونے والے بالی ووڈ اداکار سورج پنچولی نے عدالت سے بے گناہ قرار دیئے جانے کے بعد میڈیا سے پہلی بار گفتگو کرتے ہوئے سوال کیا کہ میری زندگی کے 10 قیمتی سال کون لوٹائے گا؟ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی گرل فرینڈ جیا خان کی خودکشی پر اکسانے کے الزام سے بری ہونے والے اداکار سورج پنچولی کا کہنا ہے کہ انہیں یوں لگتا ہے کہ جیسے ان کے سینے سے ایک بوجھ اْتر گیا ہے اور لگتا ہے کہ میں نے ایک بار پھر جنم لیا ہو۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمت واقعہ تھا جس میں مجھے ملوث کیا گیا، میں نے اپنی زندگی کے 10 سال گنوا دیئے وہ وقت اب کون واپس کرئے گا؟ اداکار کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے بے گناہ قرار دیئے جانے کے بعد اب میں بغیر کسی شرمندگی کے لوگوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اپنے اہل خانہ سے معذرت خواہ ہوں کہ انہیں بھی میری وجہ سے اس تکلیف سے گزرنا پڑا۔
