حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) محکمہ پولیس میں حال ہی میں تبادلہ کے سبب ایک شوہر اور بیوی ایک دوسرے سے دور ہوگئے اور انہوں نے ایک ہی مقام پر دونوں کی ڈیوٹی کے سلسلہ میں اپیل کا منفرد انداز اختیار کیا۔ ان دنوں کریم نگر میں ایک خاتون کانسٹبل کی آڈیو ریکارڈنگ سوشیل میڈیا میں کافی وائرل ہوچکی ہے۔ محکمہ پولیس کے واٹس ایپ گروپ میں حال ہی میں خاتون کانسٹبل نے اپنے تین سالہ بچہ کے ساتھ آڈیو مسیج وائرل کیا۔ جی او 317 کے تحت تبادلہ کے نتیجہ میں شوہر اور بیوی علحدہ مقام پر ڈیوٹی انجام دینے کیلئے مجبور ہیں۔ آڈیو مسیج میں چیف منسٹر کے سی آر سے درخواست کی گئی کہ وہ شوہر اور بیوی کو ایک ہی مقام پر تعینات کریں۔ مسیج میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو خودکشی واحد راستہ رہ جائے گا۔ خاتون کانسٹبل نے بتایا کہ شوہر کے دوسرے مقام پر تبادلہ سے تین سالہ بچے کی پرورش میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ روتے ہوئے ریکارڈ کئے گئے اس مسیج میں کہا گیا کہ خاتون کا سرسلہ سے جگتیال تبادلہ کیا گیا جبکہ شوہر تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس کی 17 ویں بٹالین سرسلہ میں ہے۔ تین ماہ قبل انہوں نے حکام کو درخواست دی تھی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ خاتون کانسٹبل نے چیف منسٹر و ڈائرکٹر جنرل پولیس سے مداخلت کی اپیل کی اور کہا کہ وہ اپنے بچہ کے ساتھ خودکشی کرلیں گی۔ اعلیٰ عہدیداروں نے مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ حال ہی میں راما گنڈم کمشنریٹ کے ایک پولیس کانسٹبل نے ویڈیو وائرل کرتے ہوئے اسی طرح کی درخواست کی تھی۔ر