میری ناکامی پر مجھے امریکہ چھوڑنا پڑے گا: ٹرمپ

,

   

Ferty9 Clinic

امریکی صدارتی انتخابی مہم میں گجرات انتخابات کی جھلک ، صدر امریکہ بھی مودی کے لہجے میں بات کررہے ہیں
جوبیڈن کی کامیابی سے امریکہ میں کمیونزم کو فروغ ملے گا
امریکہ میں مجرم امیگرینٹس کا ’’سیلاب‘‘ آئے گا

اٹلانٹا ؍ تھمپا : صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے فلوریڈا اور جارجیا میں امریکی صدارتی انتخابات کیلئے جاری اپنی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے حامیوں کو نریندر مودی کے لب و لہجے میں بتایا کہ اگر میں ان انتخابات میں ناکام ہوا تو مجھے ملک چھوڑنا پڑسکتا ہے، کیونکہ ان کے ڈیموکریٹک حریف جوبیڈن کمیونزم کو فروغ دیں گے اور امریکہ میں مجرم امیگرینٹس کا سیلاب لائیں گے۔ امریکی صدارتی انتخابات کی تاریخ میں نہایت ہی بدترین امیدوار کے خلاف وہ (ٹرمپ) کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ اگر میں ناکام ہوجاؤں تو مجھ پر ملک چھوڑ دینے کیلئے دباؤ ڈالا جائے گا۔ اوکلا فلوریڈا میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو شکست دے کر میں آیا ہوں۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام میری کامیابی کیلئے کام کریں۔ انہوں نے اپنے حامیوں کو جوش و خروش کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیڈن کا خاندان مجرمانہ ریکارڈ رکھتا ہے۔ کریمنل انٹرپرائزس چلا رہا ہے۔ ڈیموکریٹس کے پاس کچھ نہیں بلکہ وہ آپ کے اقدار کی ملیامیٹ کردیں گے اور وہ امریکہ کو کمیونسٹ ملک میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ کی انتخابی تقاریر اور مہم میں گجرات انتخابات کی جھلک نظر آئی۔ گجرات میں مودی نے جس طرح رائے دہندوں کو گمراہ کرکے اپوزیشن کے خلاف اور پاکستان اور مسلمانوں کا نام لے کر خود کو نمایاں کرنے کی کوشش کی تھی ، اسی طرز پر ڈونالڈ ٹرمپ بھی اپنے رائے دہندوں کو ڈیموکریٹک امیدوار کے خلاف بھڑکا رہے ہیں۔ مودی نے پاکستان اور مسلمانوں کا حوالہ دیتے ہوئے گجرات انتخابات سے لے کر قومی انتخابات میں عوام کو ورغلانا اور گمراہ کرنے کا کام کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے لاطینی امریکی امیگرینٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹس آپ کی برادری میں غیرقانونی ایلینس ، منشیات کے عادی اور جرائم پیشہ افراد کا سیلاب لائیں گے۔ انہوں نے اپنے شدید ناقد صومالی امریکی ڈیموکریٹک کانگریس ویمن الہان عمر کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ خاتون ہمارے ملک سے نفرت کرتی ہے ، وہ ایسے مقام سے آئی ہے ، جہاں پر حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ریاست مشی گن کے مسکیگان میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا‘‘ڈیموکریٹ سخت اور غیرسائنٹیفک لاک ڈاؤن سے ہماری ریکوری کو ختم کریں گے ، جیسا کہ اس وقت آپ کی ریاستی حکومت کر رہی ہے ۔صدر کے مطابق ، ڈیموکریٹس امریکہ میں کورونا ویکسین کیس میں تاخیر کریں گے ۔

میری کامیابی یقینی ، ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے مشی گن میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے لئے پرامید ہیں اور آگے بھی کامیابی حاصل کرتے رہیں گے ۔ہفتہ کو ریاست مشی گن کے مسکیگان میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ‘‘میرا ایمانداری سے ایسا ماننا ہے کہ ہمیں انتخابات کے نتائج پر فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ مجھے امید ہے کہ ہم چار سال کے لئے دوبارہ منتخب ہوں گے اور اگر ہم اس کے بعد چار آٹھ یا 12 سال کے لئے منتخب ہوئے تو یہ ایک نیا اور بہتر نعرہ ہوگا’’۔