میری کامیابی میں مسلم بھائیوں کا اہم رول : وی سری ہری

   

مکتھل کی ترقی و استحکام کیلئے مل جل کر کام کرنے نومنتخب رکن اسمبلی کا تیقن
مکتھل 7 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی مکتھل سے نومنتخب رکن اسمبلی مسٹر واکٹی سری ہری نے حلقہ کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ میں میرے حلقہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے مجھ پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور اپنا قیمتی ووٹ میرے حق میں استعمال کرکے مجھے خدمت کا موقع فراہم کیا۔ وی سری ہری نے جو کانگریس امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی، سیاست نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اعتراف کیاکہ میری کامیابی میں مسلم بھائیوں کا بڑا اہم رول ہے جس کو میں اپنی زندگی میں کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ انھوں نے حلقہ اسمبلی مکتھل کے تمام مسلم بھائیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ میں ہمیشہ آپ سب کے درمیان رہوں گا اور حلقہ اسمبلی مکتھل کی ترقی و استحکام کے لئے ہم سب ملکر پوری دلچسپی و مستعدی کے ساتھ کام کریں گے۔ سری ہری جن کا تعلق مکتھل مستقر سے ہے، انھیں یہ اعزاز بھی ہے کہ 1952 ء میں حلقہ اسمبلی مکتھل کی تشکیل کے بعد سے مکتھل سے تعلق رکھنے والے پہلے ایم ایل اے ہیں، پہلی مرتبہ حلقہ اسمبلی مکتھل کے وجود میں آنے کے بعد 1952 ء میں شانتا بائی حیدرآباد ایم ایل اے بنائی گئیں پھر 1957 ء میں گنڈے ملپا اور 1962 ء میں کلیانی رامچندر راؤ نارائن پیٹ، 1967 ء اور 1972 ء میں بھی کلیانی رامچندر راؤ اور 1978 ء میں ڈاکٹر نرسمہلو نائیڈو نارائن پیٹ اور دوسری مرتبہ 1983 ء میں بھی نرسمہلو نائیڈو اندرا کانگریس کے پلیٹ فارم سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ 1984 ء میں این ٹی راما راؤ کی قیادت میں تلگودیشم کے وجود میں آنے کے بعد قبل ازوقت انتخابات منعقد ہوئے جس میں تلگودیشم کی اتحادی جماعت جنتادل سے آنجہانی سی نرسی ریڈی پہلی مرتبہ مکتھل کے رکن اسمبلی منتخب قرار دیئے گئے جن کا تعلق دھنواڑہ سے تھا۔ اس کے بعد دو میعاد تک سی نرسی ریڈی اور پھر اٹکور سے تعلق رکھنے والے آنجہانی وائی یلاریڈی دو میعاد جبکہ ایک میعاد میں یہ چندرابابو نائیڈو کی کابینہ میں بھی شامل رہے اور پھر ہردی پور چنہ چنتہ کنٹہ منڈل سے تعلق رکھنے والے آنجہانی کے دیاکر ریڈی اور پھر آنجہانی سی نرسی ریڈی کے بڑے فرزند سی رام موہن ریڈی نے تین میعاد دو مرتبہ کانگریس امیدوار کی حیثیت سے اور ایک مرتبہ ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی اور اس حلقہ سے ایم ایل اے رہے ان سب کا تعلق مکتھل کے علاوہ نارائن پیٹ اور حلقہ اسمبلی مکتھل میں شامل مختلف منڈلوں سے تھا۔ اب پورے تقریباً 70 سال کے بعد مکتھل سے تعلق رکھنے والے کو اسمبلی میں نمائندگی کا یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ مسٹر سری ہری مکتھل سے تعلق رکھنے والے خوش نصیب ایم ایل اے ثابت ہوئے ہیں۔ سری ہری جو نومبر 1972 ء میں مکتھل میں پیدا ہوئے، ان کے والد واکٹی نرسمہلو جن کا تعلق زرعی گھرانہ سے تھا، بڑے حرکیاتی خوش مزاج اور لوگوں میں جلد گھل مل جانے والے سیاسی قائد کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کا سیاسی سفر مکتھل سرپنچ کی حیثیت سے شروع ہوا۔ بعد میں وہ ایم پی ٹی سی اور اس علاقہ سے زیڈ پی ٹی سی بھی رہے۔ ٹی آر ایس کے اس دس سالہ دور اقتدار میں ان کے تمام ساتھیوں نے کانگریس چھوڑ کر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی مگر یہ نہ صرف پارٹی میں رہے بلکہ کانگریس کی پہچان کے ساتھ نارائن پیٹ ضلع کی تشکیل کے بعد صدر ضلع کانگریس کی حیثیت سے پارٹی کو مستحکم کرنے کی بھرپور کوشش کی۔